بلاول نے عمران خان کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کے منصب کے فرائض یاد دلائے، عبد القادر پٹیل

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو آئینہ دکھاتے ہوئے انہیں ان کے منصب کے فرائض یاد دلائے جس پر ان کے گالی گلوچ بریگیڈ آپے سے باہر ہوگئی ہے،

عمران خان آئینے سے شکوہ نہ کریں بلکہ اپنا رویہ درست کریں۔ اپنے بیان میں قادر پٹیل نے کہا کہ شہباز گِل کو خواتین کو ہراساں کرنے کے جرم میں ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا۔ اس سوال کا جواب عمران خان دیں کہ کیا یہی میرٹ ہے؟ شہباز گِل مراد سعید تو بن سکتے ہیں مگر سیاستدان نہیں بن سکتے۔

قادر پٹیل نے کہا کہ اس وقت سندھ کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ وفاق سندھ کے ساتھ جنگ میں مصروف ہے۔ قادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان کے ٹائیگر سندھ میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان اپنے ٹائیگرز کے ذریعے کراچی میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ چین جیسے حالات سندھ میں ہو، پنجاب میں امریکہ جیسی صورتحال پیدا ہو جائے، کے پی اٹلی کی طرح دکھائی دے اور باقی صوبوں میں کورونا وباء تباہی پھیلائے تاکہ عمران خان کو خیرات مل سکے۔ قادر پٹیل نے کہا کہ چندے اور خیرات کی رقم سے عمران نیازی کے اثاثے تو بن سکتے ہیں مگرملک نہیں چلتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں