سپریم کورٹ کےفیصلےکےمطابق بلدیاتی قانون بنائیں گے،مرادعلی شاہ
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیوایم صوبے میں مل کر چل رہی ہے، سپریم کورٹ کےفیصلےکی روشنی میں بلدیاتی قانون بنائیں گے۔
کراچی میں پیر کو پریس کانفرنس کرتےہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ دوبارہ بڑھنے پرایم ڈی کےالیکٹرک سےبات کی ہے۔انھوں نےبتایا کہ وزیراعظم سےحیسکو،سیپکوایریاز میں لوڈشیڈنگ کا ذکر کیا تھا۔ پچھلی حکومت نےبجلی کے منصوبوں کے لیےفیول ہی نہیں خریدا تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پچھلی حکومت کوغریبوں کااحساس نہیں تھا تاہم اب اتحادی حکومت اپنےطور ڈیڑھ سال میں 5 سال کا کام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔مرادعلی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے مزدور کی کم ازکم اجرت 25ہزار روپے کی تھی تاہم پچھلی وفاقی حکومت مزدور کی اجرت 25ہزار روپے کرنے کوتیار نہیں تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی کہتے ہیں کہ عالمی سازش اورکبھی اسٹیبلشمنٹ ساتھ نہیں تھی تاہم عمران خان کےجانےکی واحد وجہ ان کی نااہلی ہےاور ان کو آئینی طریقےسےنکالا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے 1 ہفتے میں پبلک سروس کمیشن کو فعال کرنے کا اعلان بھی کیا۔


