وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ کی دھماکے میں جاں بحق ڈرائیور کے گھر آمد، معاوضے کا اعلان

کراچی (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے مشترکہ طور پر کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکے میں جاں بحق ڈرائیور کے گھر جا کر تعزیت کی اور متاثرہ خاندان کیلیے صوبائی حکومت کی جانب سے 10 لاکھ جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا، وین ڈرائیور خالد نواز اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گلشن معمار میں مقیم تھا، وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر نے مرحوم خالد نواز کے بھائیوں سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کی، ورثاءنے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ متوفی کے سات بچے ہیں، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت مرحوم خالد نواز کی تنخواہ کو ریگیولر بنیاد پر جاری رکھے گی اور اس کے ساتھ مرحوم کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی سندھ حکومت برداشت کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متاثرہ خاندان کیلیے 10 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا جبکہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لواحقین کیلیے 20 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا، وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ جاں بحق ڈرائیور کی ایک بیٹی کی عید کے بعد شادی ہونی تھی اس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ مرحوم کی بیٹی کی شادی کیلیے خاندان کی سپورٹ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں