پنجاب یونیورسٹی اور بلوچ طلباءکے مابین مذاکرات کامیاب

لاہور (انتخاب نیوز) پنجاب یونیورسٹی سے مہمان طالبعلم بیبگر امداد کی گرفتاری کے معاملے پر پنجاب یونیورسٹی کے احتجاجی بلوچ طلباءسے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے بلوچ طلباءکے تحفظات پر مبنی خط حکومت پنجاب کو لکھ دیا ہے جبکہ احتجاج کرنے والے طلباءنے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔بلوچ طلباءکاکہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ حکومت پنجاب تک ہمارے تحفظات پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان طالبعلم کی گرفتاری سے متعلق قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار مہمان طالبعلم کو فئیر ٹرائل کا موقع ملنا چاہئیے اور بیبگر امداد کے بارے میں بتایا جائے وہ کہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیبگر امداد کی گرفتاری کے باعث یونیورسٹی کے بلوچ طلباءمیں بے چینی ہے اور یونیورسٹی سے آئندہ کسی طالبعلم کی گرفتاری سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیبگر امداد کو 27 اپریل کی صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہاسٹل نمبر 7 سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے بلوچ طلباءسے مذاکرات کے بعد ان کے تحفظات حکومت پنجاب تک پہنچانے کے لئے اعلی حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں