بلوچستان میں عید الفطر آج منائی جائیگی، سیکورٹی انتظامات سخت

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں آج عید الفطر روایتی جوش و جذبے سے منائی جائیگی نماز عید کے اجتماعات کیلئے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں آج عید الفطرروایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی،کوئٹہ میں نماز عید کے 236اجتماعات ہونگے جن میں سے 20انتہائی حساس، 37حساس قرار دئیے گئے ہیں نماز عید کے اجتماعات کے لئے شہر بھر میں پولیس، آرآر جی،اے ٹی ایف،بی سی کے 2200اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ کیو آر ایف کے 500اہلکار بھی موجود ہونگے نماز عید کے اجتماعات میں کسی بھی شخص کو بغیر چیکنگ کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ عیدگاہوں کے قریب پارکنگ بھی ممنوعہ ہوگی شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بھی نگرانی جاری رہی جبکہ پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اہلکاروں کو بھی سیکورٹی کے فرائض کی انجام دہی کے لئے تعینات کیا جائیگا، حکام کے مطابق شہر میں خصوصی ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے جبکہ حساس عمارتوں پر اسنائپر بھی تعینات کئے گئے ہیں سرکاری نتصیاب کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، عید الفطر سے قبل چاند رات کو گہما گہمی عروج کو پہنچ گئی لوگوں کی بڑی تعداد نے بازاروں کا رخ کیا جن میں سے بہت سے لوگ مہنگائی کے باعث خریداری کرنے سے قاصر رہے کوئٹہ شہر میں بسنے والے پردیسیوں کی بڑی تعداد بھی اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہوگی جس کے بعد شہر کی بیشتر سڑکیں ویران نظر آئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں