مسلط حکمرانوں کے ذریعے ملک کو عالمی طور پر تنہا کردیا گیا، پشتونخوا میپ
پشین (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک کے اقوام وعوام کوملک کے قیام کے روز اول سے جن بحرانوں کا سامنا رہا ہے ان سے نجات کی خاطر اور سیاسی جمہوری حل اور قوموں کی برابری پر مبنی رضاکارانہ فیڈریشن کی تشکیل کیلئے سب سے پہلے سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے واضح نشاندہی کی تھی اور اُس کا بیانیہ آج بھی ملک کو بحرانوں سے نجات دلا سکتا ہے جبکہ پشتونخوامیپ کی قیادت نے ہمیشہ اُس بیانیہ کی روشنی میں سیاسی جمہوری اور اصولی موقف کے ساتھ ملک کے اقوام وعوام کی جمہوری تحریکوں کی حقیقی رہنمائی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،صوبائی سیکرٹری مالیات سید شراف آغا، حاجی اکبر، ڈاکٹر نصیب اللہ ترین، مناف خان ترین نے کلی بادیزئی،پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان،ڈاکٹر حبیب الحق، اے کے بوستانی نے بوستان میں، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز مجید خان اچکزئی،سید شراف آغااور ڈاکٹر نصیب اللہ کلی منزری اور ضلعی معاون سیکرٹری حاجی عبدالحق ابدال، سید اکبر آغاکلی کربلا میں پارٹی ورکرز کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان اجلاسوں میں عید کے چوتھے روز 6مئی بروز جمعہ صبح ساڑھے نو بجے پشین میں منعقد ہونیوالے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف فیصلے کیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون غیور ملت کو اس دوقومی صوبے اور ملک میں جس صورتحال کا سامنا ہے اور پورا ملک جن بحرانوں کا سامنا کررہا ہے اور پھر جس طرح سلیکٹڈ حکمرانوں کو مسلط کرکے ملک کو ہر شعبہ زندگی میں تباہی وبربادی کے صورتحال سے دوچار کیا گیا اور جھوٹ اور دھوکہ دہی کی بنیاد پر مسلط حکمرانوں کے ذریعے ملک کو عالمی طور پر تنہا، معاشی طور پر تباہ حال اور معاشرتی طورپرتنزلی کے آخری مقام تک پہنچا دیا گیا اس سنگین صورتحال سے نجات کی واحد راہ پشتونخوامیپ کے قائد محمود خان اچکزئی کا بیانیہ ہے کہ ملک میں غیر جانبدانہ شفاف انتخابات کا انعقاد،حقیقی جمہوریت کی بحالی، آئین وقانون کی بالادستی، پارلیمنٹ کی مکمل خودمختیاری وبالادستی، قوموں کی برابری کو من وعن تسلیم کرنا ہوگااور ملک کے ہر ادارے کو ملکی آئین کے اندر اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو سرانجام دینا ہوگا۔اور اس حقیقی بیانیہ کی بنیاد پر جدوجہد کرتے ہوئے ہمیں مسلسل قربانیوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اور اگر ان سیاسی جمہوری اصولوں پر عمل نہیں کیا گیا تو ملک مزید مشکلات میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس دوقومی پشتون بلوچ صوبے میں پشتون قوم زندگی کے ہر شعبے میں برابری کے حقوق واختیارات کے حقدار ہیں اور اس صوبے میں دوقوموں کی قومی برابری تسلیم کرنا نوشتہ دیوار ہے جبکہ اس صوبے پر سلیکٹڈ مسلط وزیر اعلیٰ نے زندگی کے ہر شعبے میں جنوبی پشتونخوا کو مکمل نظر انداز کرکے ان کے حقوق پائمال کیئے گئے اور جنوبی بلوچستان کیلئے کھربوں روپے کے پروجیکٹ دیکر جنوبی پشتونخوا کو مکمل نظر انداز کیا گیا۔ اس صورتحال میں پشتون قوم اپنے قومی وحدت اور قومی خودمختار صوبے کے قیام تک اس دوقومی صوبے میں قومی برابری عملاً تسلیم کرانے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد تیزکرینگے۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی کے عہدیدار اور کارکن عید کے چوتھے روز پشین بازار میں بروز جمعہ6مئی کو جلسہ عام میں عوام اور کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور پشین کے تاریخی جلسے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔


