پاکستان اور بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عہد کرنا ہوگا، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان کی عوام کو دلی عیدمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر ایک خوشیوں کا تہوار ہے اور مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے پیش نظر تجارتی مراکز میں رونقیں لوٹ آئیں جبکہ شرپسند عناصر اپنی مذموم کارروائیوں سے باز نہیں آئے۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت،پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ ملکر ان عناصر کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے مربوط کارروائی کر رہی ہے اور انشاءاللہ بہت جلد ایسی قوتوں کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پرصوبائی کابینہ کے اراکین اور اراکان صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں جا کر عوام کے مسائل معلوم کریں اور عید کے تہوار کی خوشیوں میں ضرورتمندوں اور غریب افراد کی ہر ممکن مدد کریں۔ کیونکہ ہماری پارٹی کا منشور بھی غریب عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا تدارک کرنا ہے۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہم سب کو ملکر پاکستان باالخصوص صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عہد کرنا ہوگا۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے اس موقع پر تشدد پسندی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کرتے ہوئے شہداءکے بلند درجات کی دعا کی۔


