حکومت ہسپتالوں میں ٹیسٹینگ کٹس کی فراہمی کو یقینی بنائے، علی مدد جتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کورونا وائرس کے ٹیسٹ نہ ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت فوری طور پر کوئٹہ کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور ڈویژنل سطح پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مشینوں کی فراہمی کو فوری یقینی بنائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ بلوچستان وسیع رقبے پر پھیلا ہوا صوبہ ہے جہاں صحت کی سہولیات پہلے سے ہی نہ ہونے کے برابر ہیں اب کورونا وائرس کے ٹیسٹ صرف فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں ہورہے تھے جو بند ہوگئے ہیں جس سے عوام میں سخت تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوا م کو صحت کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے حکومت فوری طورپر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے بولان میڈیکل ہسپتال، سول ہسپتال کوئٹہ،شہید بے نظیر بھٹو ہسپتال،شیخ زید ہسپتال سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مشینوں کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو بلا کسی روک ٹوک کے اپنے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کراسکیں۔ انہو ں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے حکومت کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مشینیں اور کٹس کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے اور عوام کو اپنے گھر کی دہلیزپر ٹیسٹ کی سہولت میسرآسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں