ملک میں اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق
اسلام آباد (انتخاب نیوز) قومی ادارہ صحت نے (این آئی ایچ) ملک میں کورونا وائرس کے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے نئے سب ویرینٹ کے پہلے کیس کی تصدیق کردی۔ قومی ادارہ صحت نے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ جینوم کی ترتیب کے ذریعے اومیکرون کے نئے سب ویرینٹ کو بی اے.2.12.1 کا نام دیا گیا ہے، جس کا ملک میں پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ این آئی ایچ نے کہا کہ اومیکرون کی اس نئی ذیلی قسم کی وجہ سے مختلف ممالک میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کا بہترین طریقہ اس کے خلاف احتیاطی تدابیر جیسے ہجوم والی جگہوں پر ماسک پہننے کو اپنانے کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن کروانا ہے۔ این آئی ایچ حکام نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل وطن کووڈ 19 کے خلاف اپنی ابتدائی ویکسین مکمل کروائیں اور ویکسی نیشن مکمل ہونے کے 6 ماہ بعد بوسٹر ڈوز لگوائیں۔


