توہین مذہب کے مقدمے میں شیخ راشد شفیق کی ضمانت منظور

راولپنڈی (انتخاب نیوز) عدالت نے مسجد نبوی ﷺ واقعے کے مقدمے میں گرفتار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بھتیجے، ایم این اے شیخ راشد شفیق کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کے بھتیجے راشدشفیق کی درخواست ضمانت پر سماعت فتح جنگ میں ایڈیشنل سیشن جج محمد عارف نے کی۔شیخ راشدشفیق کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار عبد الرزاق اورراجہ یاسرپیش ہوئے ، وکیل شیخ راشد شفیق نے عدالت کو بتایا کہ جس وقت مسجد نبوی ﷺ میں نعرے لگے، اس وقت راشد شفیق وہاں موجود ہی نہیں تھے، راشد شفیق کے خلاف مقدمہ کے مدعی کا تعلق ن لیگ سے ہے ان پر مذہبی توہین کا اطلاق نہیں ہوتا،اس کیس میں سرکار مدعی بن سکتی مگر اسکے لئے پہلے مجسٹریٹ کو کمپلینٹ کرنی ہوتی ہے یہ محض سیاسی انتقامی کاروائیوں کی سیریز ہے جو شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے کہنے پر شروع کی گئی،سیشن جج محمد عارف نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ، بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے شیخ راشد شفیق کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا۔یاد رہے راشد شفیق کو 30 اپریل کو سعودی عرب سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا ، جس کے بعد عدالت نے راشد شفیق کے خلاف ٹھوس شہادت پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔بعد ازاں کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے ملزم راشد شفیق 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر اٹک پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں