پاکستان آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے، مریم نواز

صوابی (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔ صوابی کے ‘چھوٹا لاہور’ گراو¿نڈ میں پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں صوابی والوں کو نوازشریف، شہباز شریف کا سلام پیش کرتی ہوں، میں صوابی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ آپ نے ہمیشہ (ن) لیگ کا ساتھ دیا، آپ نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کیا اور (ن) لیگ کو فتح دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی جان ان جھوٹوں سے چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کو جادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ فتنہ بازوں، نا اہلوں اور قومی مجرموں سے قوم کی جان چھوٹی، شکر کہ پاکستان کے عوام پر مہنگائی کا قہر بن کر ٹوٹنے والوں سے جان چھوٹی۔ مریم نواز نے کہا کہ جس طرح سے پورے پاکستان کے عوام کی جان عمران خان سے چھوٹی ہے اسی طرح آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا کے عوام کی جان بھی پی ٹی آئی سے چھٹنی چاہیے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان رونا دھونا بند کریں، اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں، عمران خان بتائیں کہ 4 سال انہوں نے کیا کرتوت کیے، 4 سالہ حکمرانی کرنے کے بعد ان کے پاس 4 سیکنڈز کی کارکردگی نہیں ہے بتانے کے لیے۔ (ن) لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان اتنا بڑا قومی مجرم ہیں، 4 سال ہیلی کاپٹرمیں جھولے لیتا رہا، فرح خان کے ذریعے قومی دولت کو لوٹتا رہا، اس نے بیت المال، توشہ خانہ کو نہ بخشا، یہ عوام کے مسائل سے چارسال بے خبررہا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹا خط اور سازش تو ایک بہانہ تھا، اصل مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عمران خان کو نہ نواز شریف نے نکالا نہ کسی غیر ملکی سازش نے نکالا، عمران خان کو ان کے اپنے ایم این ایز نے نکالا، ان کے اپنے اراکین اسمبلی نے ان کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا جس کا دامن کارکردگی سے خالی ہوپھرجھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ تف ہے ایسے حکمران پر جس کے پاس کارکردگی بتانے کے لیے نہ ہو، جس کا دامن، جس کا رپورٹ کارڈ کارکردگی سے خالی ہو، عوام کو بتانے کے لیے کوئی ایک ترقیاتی منصوبہ نہ ہو تو پھر اس کو جھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت تو پڑتی ہے، پھر سازش کا ڈرامہ رچانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لیے سب سے بڑی شرمندگی، ناکامی اور ذلالت کی بات یہ تھی کہ ان کے دوران اقتدار کے دوران ہی ان کی پارٹی کے اراکین (ن) لیگ سے شیر کا ٹکٹ مانگ رہے تھے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کو اپنی نااہلی کوسازش کے پردے میں چھپانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کہنا تھا کہ عمران خان کو تحریک اعتماد سے نکالنا ضروری تھا، کیونکہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان کھائی میں گرنے جارہا تھا، اس کو بچانا ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں نظر آرہا تھا کہ پاکستان کے عوام سخت پریشان ہیں، عوام کی تکالیف سے اندازہ ہورہا تھا کہ عوام کے پاس روٹی، آٹا، چینی، دوائی اور بجلی کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سجھتے تھے کہ پاکستان کے حالات خراب ہیں مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان اس درخت کی طرح کھڑا ہے جس کی کوئی جڑ سلامت نہیں ہے، یہ پاکستان کو کھوکھلا کر گیا، معیشت کی تباہی، ڈالر کی بڑھتی قیمت اور 25 ہزار ارب کے قرضے لینے کے بعد بھی ایک اینٹ نہیں لگائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مہینہ حکومت میں گزارنے کے بعد اندازہ ہوا کہ عمران خان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان نہ صرف کورونا کے مریض کی طرح وینٹی لیٹر پر ہے بلکہ آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔ عمران کی بربادی کی وجہ سے آج پاکستان وینٹی لیٹر پر ہیں، یاد رکھنا ہم عمران خان کی طرح پچھلی حکومت کا رونا نہیں روئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے 2013ءمیں لوڈشیڈنگ، مہنگائی، غربت، دہشت گردی کو ختم کیا تھا، ن لیگی قائد نے موٹرویز، میٹرو بس کے جال بچھائے، وعدہ کرتی ہوں کہ نواز شریف پاکستان کوٹھیک کرکے دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 4 سال عوام کے مسائل سے بے خبر رہا، 4 ہیلی کاپٹر میں گھومتا رہا، اس نے اپنے دور اقتدار میں توشہ خانے کو بھی نہیں بخشا، عمران خان ایسا مجرم ہے کہ 4 سال بنی گالا کو پالتا رہا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حالات کو ٹھیک کرنا ایک یا دوماہ کا کام نہیں، جتنی گڑ، بڑ عمران خان کرکے گیا ہے اس کو ٹھیک کرنے میں دو، تین سال لگیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور عوام کو گواہ بنا کر یہ بات (ن) لیگ کوکہتی ہوں کہ عمران خان کی بد دار اور بری کارکردگی کا ٹوکرا اپنے سراٹھانے کی ضرورت نہیں، عمران خان کی بری کارکردگی کا کلنک کا ٹیکا اپنے منہ پر لگانے کی ضرورت نہیں، عمران خان کوعوام میں جانے دوتاکہ لوگ سوال پوچھیں کہ ملک کا یہ حال کیوں کیا، ہمارے بچوں کی روٹی کیوں چھینی۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اس قاتل کی طرح ہیں جو سائیڈ پر جا کر کہتا ہے کہ قتل کس نے کیا، انہیں کہتی ہوں فکرنہ کروثابت کریں گے کہ قتل تم نے کیا ہے اورتمہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں