نوکنڈی شہر میں منشیات کی سرعام فروخت، عوامی حلقوں کا کارروائی کا مطالبہ
نوکنڈی (انتخاب نیوز) نوکنڈی شہر میں منشیات فروخت کرنا عام بات بن چکا ہے جبکہ انتظامیہ منشیات فروشوں کی پشت پناہی میں مصروف عمل ہے۔ عوامی حلقوں نے کہاہے کہ منشیات ایک ایسی لعنت ہے جو نہ صرف نوجوانوں کو بربادکردیتی ہے بلکہ پورے معاشرے کے ہرفرد پر برے اثرات چھوڑتی ہے، خصوصاً تحصیل نوکنڈی جیسے چھوٹے قصبہ میں جہاں ایک طرف بیروزگاری عام ہو، لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کا واحد ذریعہ کھیل کے میدان ہیں جب وہ ویران ہوں گے تو وہاں نوجوان بیروزگاری اور ذہنی دباؤ کی وجہ سے منشیات کے اڈوں کا رخ کرتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ تحصیل نوکنڈی جوکہ قدرتی معدنیات کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے مگر یہ جان کر ہر کسی کو حیرانگی ضرور ہوگی کہ جہاں یہ علاقہ پانی، صحت، تعلیم جیسی اہم ضروریات سے محروم ہیں۔ وہیں بارڈرز کی بندش اور روزگار کے دیگر مواقع نہ ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کی اکثریت منشیات کی جانب بڑی تیزی سے راغب ہورہی ہے۔ پورے ضلع میں منشیات انتہائی آسانی سے مل سکتی ہے، منشیات فروشوں کا پورا نیٹ ورک شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ انہیں روکنے والا کوئی نہیں، سکول کے بچے تک منشیات کی لت میں مبتلا ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے منشیات کی فروخت پر پابندی اور منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


