29 مئی کے بلدیاتی انتخابات میں عوام کلہاڑا پر مہر لگائیں، بی این پی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیاہے کہ 29 مئی کو عوام کلہاڑا پر مہر ثبت کرکے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔ پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت وقت و حالات کی ضرورت ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی ہو، حقوق کے حصول کی جدوجہد ہو، عوام کے اجتماعی مفادات کی جدوجہد ہو، ساحل اور وسائل کا دفاع ہو، ننگ و ناموس پر کبھی مصلحت پسندی کا شکار نہیں ہوئے۔ ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے، آج بلوچستان کے عوام کی آواز اسلام آباد کے ایوانوں میں گونج رہی ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی پر سابقہ حکومت کی طفل تسلیوں پر ساتھ چھوڑا، اب بھی ہم چھ نکات پر عملدرآمد کیلئے کام کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ماﺅں، بہنوں کے پیاروں کی بازیابی کےلئے ہر حد تک جائیں گے۔ بلوچستان کی ترقی کیلئے بھی اقدامات اپنی بساط کے مطابق کررہے ہیں۔ گرڈ اسٹیشنز، ڈیمز، سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام پارٹی امیدواروں کو کامیاب کر کے سردار اختر جان مینگل کے ہاتھ مضبوط کر کے بلوچستان کو ترقی کی جانب گامزن کریں۔ ہماری سابقہ اور موجودہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ بلوچستان کے عوام سے اپیل ہے کہ 29 مئی کو پارٹی کے انتخابی نشان کلہاڑا پر مہر لگا کر قوم دوستی، وطن دوستی کا ثبوت دیں۔


