عمران خان نے ناکام مارچ کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل استعمال کیے، مریم نواز

مانسہرہ (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشار اور فتنے پر مبنی لانگ مارچ مسترد کر دیا، شہبازشریف عمران خان کے لگائے زخم بھر کر جائیں گے۔ مانسہرہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مانسہرہ میں جلسے میں نہیں اپنے گھر آئی ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے دوسرے گھر میں خوش آمدید کہتی ہوں، مانسہرہ نواز شریف کا تھا ہے اور رہے گا، ہزارہ نواز شریف کا تھا ہے اور رہے گا، ہزارہ موٹروے نواز شریف کی ہزارہ سے محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کمر میں تکلیف ہے، وہ مانسہرہ کی محبت میں گاڑی میں آئے ہیں، شہباز شریف میرے دوسرے والد ہیں، ان سے محبت ہے، شہباز شریف پاکستان کا حقیقی خدمت گار ہے، شہباز شریف نے پنجاب کی تقدیر بدلی، وہ پاکستان کی قسمت بھی بدل دیں گے، وعدہ کرتی ہوں جو زخم عمران خان نے پاکستان کے سینے پر لگائے وہ زخم شہباز شریف، نواز شریف بھر کر جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے انتشار اور فتنہ پر مبنی لانگ مارچ کو مسترد کر دیا، عمران خان نے ناکام مارچ کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل استعمال کیے، کے پی کے عوام کا حق ناکام دھرنے کی نذر ہوگیا، جس ہیلی کاپٹر پر عمران خان دھرنے کیلئے آئے وہ خیبر پختونخوا حکومت کا تھا، عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کو دھرنے کیلئے استعمال کیا، دھرنے میں عوام نہیں آئے، کرینوں کی ضرورت نہیں پڑی، جب دھرنے کا وقت تو یہ صبح صبح اسلام آباد سے غائب ہوگیا، قوم کے بچے مرنے کیلئے اور اس کے بچے لندن میں ٹھنڈی ہوائیں لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں