اسرائیلی صدر کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات کی تصدیق

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی صدر نے کہا کہ ہم نے اگلے روز بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ایک گروپ سے ملاقات کی جو امریکا میں رہائش پذیر ہیں، ان کے ہمراہ ملک اور خطے کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’اور میرے لیے یہ کہنا ضروری ہے کہ یہ ایک حیرت انگیز تجربہ تھا، ہمارے پاس اسرائیل میں پاکستانی رہنماؤں کا کوئی گروپ نہیں ہے اور یہ سب ابراہم معاہدے سے ممکن ہوا ہے یعنی یہودی اور مسلمان خطے میں ایک ساتھ رہ سکتے ہیں‘۔ خیال رہے آئزک ہرزوگ نے ان پاکستانیوں کی تفصیلات نہیں بتائیں جن سے انہوں نے ملاقات کی تھی تاہم اسرائیل کی غیر سرکاری تنظیم ’شراکہ‘ نے امریکی پاکستانیوں کے وفد کی ملاقات کے انتظامات کیے تاکہ ’مشرقِ وسطیٰ میں امن کو فروغ‘ دیا جاسکے۔ پاکستان، اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا لہٰذا اس کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں، پاکستان فلسطینی ریاست کے مطالبات کا سخت حامی رہا ہے۔ ابراہم معاہدے کے بعد پاکستان نے واضح کر دیا تھا کہ وہ اسرائیل کو اس وقت تک تسلیم نہیں کر سکتا جب تک ’مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل‘ نہیں مل جاتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں