مطالبات پر عمل در آمد کیلئے 7دن کا الٹی میٹم،پیرامیڈیکل کی ہڑتال کی دھمکی
تربت (نمائندہ انتخاب) پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن نے کہاکہ پیرامیڈیکس کے واجبات کی ادائیگی، ڈپٹی ڈی ایچ او کیچ کاتبادلہ اور گزشتہ 2سالوں کے ای پی آئی بجٹ کا فوری آڈٹ کیاجائے،اگر ایک ہفتہ کے اندر اندرہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیاگیا تو ہم تمام سینٹروں سے سرنج اور رجسٹر چھوڑ ہڑتال کریں گے، پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی چیئرمین ظریف علیان، ضلع کیچ کے صدر شبیر احمد دشتی، جنرل سیکرٹری عابد علی، سنیئر نائب صدر محمد جان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سبزل خان اور ضلعی آرگنائزر رحیم جان نے تربت پریس کلب میں پیرامیڈیکس، ویکسینیٹرز کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیٹرز کو صوبائی حکومت کی طرف سے فیول، موٹرسائیکلوں کی مرمت اورریویو میٹنگ میں شرکت اور دیگر مدات میں جو مراعات یا الاؤنسز بجٹ میں شامل کیے جاتے ہیں ضلعی سطح پر افسرشاہی کی طرف سے پچھلے سال مارچ 2021ء سے یہ تمام سہولیات مہیا نہیں کئے جارہے جس سے ویکسی نیٹرز نان شبینہ کے محتاج بنے ہیں جبکہ فیول اور موٹرسائیکل مرمت کی مد میں مختص بجٹ ہڑپ کرنے سے موٹر سائیکل بھی ناکارہ ہوگئے ہیں اس حوالے سے جب ہم نے ڈپٹی ڈی ایچ او سے ملاقات کی تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بجٹ نہیں مل رہا، انہوں نے کہاکہ اس ناانصافی کے خلاف ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر 7 دن کے اندر ہمیں ان مختص مدات میں فوراًادائیگی نہیں کی گئی،ڈپٹی ڈی ایچ او کیچ کا تبادلہ اور گزشتہ دو سالوں سے ای پی آئی کی بجٹ کا آڈٹ نہیں کیا جاتا تو ہم سینٹروں میں سرنج اور رجسٹر چھوڑ ہڑتال کریں گے، انہوں نے کہاکہ جب کبھی ہم نے حق اور انصاف کی بات کی تو نوٹس کے ذریعے ڈرایا دھمکایا گیا اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اب ایسے حربوں سے ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اپنے حقوق ومراعات کا بھرپور دفاع کریں گے، انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے ای پی آئی ویکسی نیشن کوریج 85 سے 90 فیصد ہوا کرتا تھا جو اب بمشکل 25 سے 28 فیصد ہے یہ عمل علاقہ اور یہاں کی بچوں کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے، انہوں نے سیکرٹری صحت بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ 7 یوم کے اندر مطالبات تسلیم کرے بصورت دیگر ضلع کیچ میں احتجاج پر مجبور ہوں گے۔


