کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں، بلاول بھٹو
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کا یواین قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے جرمن وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی بہترین دوست ممالک ہیں، جرمن وزیرخارجہ سے خوشگوار ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جرمن وزیرخارجہ کی پاکستان آمد پر مشکور ہوں، جرمنی پاکستان کے لیے بہترین ایکسپورٹ کی منزل ہے، پاکستان اور جرمنی باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ متعدد شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، پاکستان افغان مہاجرین کو سالوں سے پناہ دے رہا ہے، افغانستان سے بیرونی افواج کے انخلا کے بعد افغان عوام کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ امید ہے افغان عوام کو مشکل حالات میں نہیں بھولا جائے گا ان کی امداد کی جائے گی، پاکستان مقبوضہ کشمیر کا پرامن اور یواین قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔


