جمعیت علماءاسلام کی خضدار میں ریلی، بلوچستان مسلسل محرومیوں کا شکار، حکمران عوامی مسائل کے حل، خود ساختہ مہنگائی کم کرنے میں ناکام ہوگئے، رہنماﺅں کا خطاب

خضدار (بیورو رپورٹ) جمعیت علماءاسلام ضلع خضدار کے زیر اہتمام خودساختہ مہنگائی پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ اور ریلی منعقد کی گئی احتجاجی ریلی کا آغازجامع مسجد خضدار سے ہواجہاں سینکڑوں کارکنان تاجر نوجوان اور عام شہری جمع ہوئے ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی آزادی چوک پہنچی جہاں یہ ایک بڑے عوامی جلسے میں تبدیل ہو گئی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پرخودساختہ مہنگائی نامنظورجیسے نعرے درج تھے شرکاءنے مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوری ریلیف کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی جلسے سے جمعیت علماءاسلام ضلع خضدار کے امیر مولانا قمرالدین مردوئی، نائب امیر مولانا فیض محمد سمانی،مفتی عبدالقادر شاہوانی، ضلعی سرپرست سردار علی محمد قلندرانی جنرل سیکرٹری مولانا عنایت اللہ رودینی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد ابراہیم مینگل، مولانا عبدالصمد قاسمی، جمعیت علماءاسلام تحصیل خضدار کے امیر قاری نذیر احمد شاکر، بلال احمد مردوئی سمیت دیگر رہنماﺅں نے بھی شرکاءسے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام پر خودساختہ مہنگائی مسلط کرکے غریب کا جینا دوبھر کر دیا ہے، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے مزدور کسان اور متوسط طبقے کو شدید مشکلات میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، صرف زبانی جمع خرچ کررہے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے ساتھ کھلا ظلم اور ناانصافی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ جے یو آئی رہنماﺅں نے واضح کیا کہ جمعیت علماءاسلام عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی اور مہنگائی کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔ مقررین نے دینی مدارس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے دینی مدارس کو بلاجواز تنگ کرنا اور علماءکرام کے خلاف اقدامات ناقابل برداشت ہیں انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان مدارس کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ علماءکرام اور طلباءکی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بلوچستان کے عوام کو مسلسل محرومیوں کا شکار رکھا جارہا ہے، صوبے کے قدرتی وسائل پر سب سے پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان کے آئینی سیاسی اور معاشی حقوق کو تسلیم کرے۔ جمعیت علماءاسلام ان حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔ ریلی کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے، پولیس کی جانب سے شرکاءکو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں