بینکوں اور وزارت کی نااہلی سے رہ جانے والے عازمین کو حکومت حج پر بھجوائے گی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکورکا کہنا ہے کہ نااہلی کے باعث رہ جانے والے عازمین کا اضافی خرچہ بینک خود برداشت کریں گے اور انہیں حج پر بھجوائیں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ متاثرین کا احتجاج حق بجانب ہے، بینکوں نے غیر ذمہ دارانہ کام کیا ہے اور اپنی غلطی مانی ہے، بینکوں میں آن لائن نظام خراب ہوا لیکن انہوں نے لوگوں سے پیسے وصول کیے۔ مفتی عبدالشکور کا کہنا ہے کہ آج تمام بینک والوں کو بلایا تھا، اسٹیٹ بینک سے بھی رابطے میں ہیں، سرکاری کوٹہ نہیں ہے لیکن انہیں پرائیویٹ کوٹے پر بھیجنے کی کوشش کریں گے۔ اضافی خرچہ بینک خود برداشت کریں گے اور انہیں حج پر بھجوائیں گے۔ دوسری جانب متاثرہ افراد نے اسلام آباد کے کوہسار بلاک میں احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کامیابی کا پیغام ملنے پر بینکوں میں اپنے واجبات جمع کرائے، 30 مئی کوبینکوں سے پتہ چلا کہ آپ کی درخواست عدم ادائیگی کی وجہ سے مستردہوگئی، بینکوں اور متعلقہ وزارت سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ خیال رہے کہ قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پانے والے 1200 سے زائد درخواست گزار پھنس گئے ہیں، درخواست گزاروں نے کامیابی کا میسج ملنے پر 9 مختص بینکوں میں رقوم جمع کروائی تھیں، تاہم بینکوں کی جانب سے بروقت ڈیٹا اپ ڈیٹ نہ کرنے پر درخواست گزار ناکام قرار دے دیے گئے۔


