راجی بلوچ وومن فورم نے نئی قائم مقام کابینہ کا اعلان کردیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سابق وائس چیئر پرسن و دیگر کابینہ کے اہم عہدیداران کے تنظیم سے مستعفی ہونے کے بعد راجی بلوچ وومن فورم نے عبوری مدت کے لیے نئی قائم مقام کابینہ کا اعلان کردیا ہے۔ راجی بلوچ وومن فورم اپنے ممبر، دوستوں سے صلاح مشورے کے بعد نئے الیکشن کے عمل تک عبوری مدت کے لیے ایک قائم مقام کابینہ کا اعلان کرتی ہے جس میں پروین ناز چیئر وومن، زیتون کریم وائس چیئروومن، اصیلا عبداللہ جنرل سیکرٹری، شاری مراد فنانس سیکرٹری، ماریہ تاج بلوچ انفارمیشن سیکرٹری، ساجدہ خیر محمد جوائنٹ سیکرٹری اور ناز بارکزئی کلچرل سیکرٹری مقرر ہوئے ہیں۔ اس موقع پر راجی بلوچ وومن فورم کی چیئرپرسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ان تینوں عہدیداروں کو نہ صرف کابینہ میں خوش آمدید کہتے ہیں بلکہ ہم پر امید ہیں کہ وہ اس بات کا خاص خیال رکھیں گے کہ کسی تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد مکمل عزم و استقلال کے ساتھ ڈٹ کر ہمارے ساتھ چلیں گے، ہم جانتے ہیں کہ راجی بلوچ وومن فورم ایک رضاکار تنظیم ہے جس میں کسی قسم کا کوئی فنڈ نہیں ہے، لہٰذا جتنے لوگ اپنا وقت دے رہے ہیں وہ رضاکارانہ ہے اس کے لیے کسی کیساتھ زبردستی نہ پہلے کی گئی ہے نہ اب کی جائے گی بلکہ ہم اس میں اب بھی ہر اس شخص کو خوش آمدید کہتے ہیں جو ہمارے بلوچ سماج میں بھی عورتوں، لڑکیوں، بچوں، بچیوں اور تیسرے جنس سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے کام کرنے کی ضرورت سمجھتے ہیں۔ پروین ناز نے کہا کہ کلثوم بلوچ اور تسمیہ عزیز کابینہ کا حصہ نہ ہو کر بھی آج تک راجی بلوچ وومن فورم کے ممبران میں شامل ہوئے یہ ہمارے لیے خوش آئند بات ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں باقی ممبران بھی تنظیم کی باگ ڈور خود اپنے ہاتھ میں لیں گے۔ اصیلا عبداللہ راجی بلوچ وومن فورم کی نئی عبوری جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ٹیم اپنی منزل کی طرف جس طرح پہلے رواں دواں تھی وہ یقینا آج بھی ہے، یہ جانتے ہوئے بھی کہ ابھی سفر کی صرف شروعات ہی ہے، راستے میں مشکلیں کہیں آئیں گے ہم تھک بھی جائیں تو ہارنا نہیں ہے آگے بڑھتے جانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں