شیرانی جنگلات آگ کے نقصانات اور تخمینے کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں اجلاس
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ضلع شیرانی کے جنگلات میں آگ سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے اور جنگلات کی بحالی کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اجلاس کو اب تک کی سرگرمیوں اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایف اے او کے نمائندے نے بتایا کہ بین الاقوامی اور مقامی کنسلٹنٹس کے ٹی او آرز آخری مرحلے میں ہیں اور جولائی 2022 کے دوسرے ہفتے میں کنسلٹنٹس آن بورڈ ہوں گے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ سپارکو پاکستان سے متاثرہ علاقے کا جلد از جلد جائزہ لینے کی درخواست کی گئی ہے۔ بلوچستان کے علاؤہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک عبوری ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے نمائندے نے بتایا کہ GEF چلغوزہ پروجیکٹ کے تحت، انہوں نے پہلے ہی چلغوزہ فاریسٹ ملٹی فنکشنل منیجمنٹ پلان مرتب کیا ہے لیکن بڑی آگ کی وجہ سے نقصانات کی جامع تشخیص اور بحالی کی ضرورت ہے۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تنظیموں کی صوبے کی ترقی کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا قابلِ تحسین ہے اور آئندہ بھی اسی طرح عالمی تنظیموں سے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی، ایف اے او کے صوبائی سربراہ ولید مہدی، ایڈوائزر FAO ڈاکٹر فضل باری، پراونشل کوآرڈینیٹر چلغوزہ پروجیکٹ محمد یحییٰ موسیٰ خیل اور پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی او بی بی ٹی پی علی عمران بھی موجود تھے۔


