عاق نامہ جھوٹا، والد یرغمال جائیداد پر قبضہ کیا گیا ہے،امام بخش عرف عمران مینگل کی پریس کانفرنس
کوئٹہ:امام بخش عرف عمران مینگل نے الزام عائد کیا ہے کہ اورنگزیب مینگل اور جہانزیب مینگل نے انکے والد کو زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا ہے جبکہ وڈھ میں انکے کرومائیٹ اور کاپر کی لیزپر نوروز گچکی اور سیٹھ راجیش کمار کے ذریعے قبضہ کیا گیا ہے یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد سردار مہراللہ خان مینگل کا اکلوتا بیٹا ہوں سردار عطاء اللہ مینگل میرے تایا ہیں جنہوں نے خود جائیداد کا بٹوارا کیا کہ وڈھ سردار عطاء اللہ مینگل،بیلہ سردار مہراللہ اور لاکھاریان مرحوم ضیاء اللہ مینگل کے بیٹوں کے نام پر ہوگا لیکن اب مجھے اور میرے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ جہانزیب مینگل نے میرے والد کو ڈیڑھ سال سے زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا ہے اور کہاہے کہ انکا نام جلد ہی مسنگ پرسنز میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اورنگزیب مینگل اور جہانزیب مینگل جھوٹے عاق نامے بناکر اپنا جرم چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں میرے والد کی جان کو خطرہ ہے میرے نام پر وڈھ میں کرومائیٹ اور کاپر کی لیز ہے جس پر سرداراخترمینگل نے اپنے بھانجے نوروز گچکی اور سیٹھ راجیش کمار کے ذریعے قبضہ کر رکھا ہے۔انہو ں نے مطالبہ کیا کہ حکومت میرے والد کومجھے دلانے اور لیز پر قبضہ ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے اور تحفظ فراہم کیا جائے۔