نیشنل پارٹی قومی جماعت ہے جو جمہوری مرکزیت پر یقین رکھتی ہے، جان محمد بلیدی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی کی سربراہی میں وفد کی سابق رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات، نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سابق وزیر رحمت صالح بلوچ، معروف دانشور آغا گل، خیرجان بلوچ، یونس بلوچ اور نیاز بلوچ بھی ساتھ تھے، بلوچستان و ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث رہے۔ نیشنل پارٹی کی قیادت نے سابق رکن قومی اسمبلی محترم ناصر علی حسین شاہ کے خاندان کے بلوچستان کے سیاسی و قومی مسائل پر گراں قدر خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد سید محمد حسین آغا کا بلوچستان کی سیاسی جدوجہد میں نمایاں کردار رہا ہے، جنہوں نے نیشنل عوامی پارٹی (نیپ) کی قیادت میر غوث بخش بزنجو، سردار عطا اللہ خان مینگل، گل خان نصیر اور دیگر اکابرین کے ساتھ بلوچستان کے عوام کے سیاسی و قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بلوچستان کے اکابرین کی سیاسی و قومی جدوجہد، حصول پسندی اور سیاسی کمٹمنٹ کی وجہ سے ملک بھر میں عزت و احترام سے یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اپنے اکابرین کی سیاسی، قومی جدوجہد اور سیاسی وابستگی کو اپنا نصب العین سمجھتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی سیاسی جدوجہد کو تمام قوموں کی خودمختاری، جمہوریت و پارلیمنٹ کے استحکام اور قومی خودمختاری کے لیے جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارا مشترکہ وطن ہے، اس کی خودمختاری اور استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی و جدوجہد ہی سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک قومی پارٹی ہے جو جمہوری مرکزیت پر یقین رکھتی ہے، پارٹی کے تمام فیصلے پارٹی اداروں میں جمہوری مرکزیت کی بنیاد پر کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ہزارہ برادری کے قائدین اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی قومی و سیاسی تحریک میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


