ماشکیل، شدید گرمی سے تیل کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 4 افراد زخمی

ماشکیل (نامہ نگار) ماشکیل بازار میں تیل کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی باعث چار افراد زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کی سرحدی تحصیل ماشکیل بازار میں تیل کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے مزید چار دکانیں اپنی لپیٹ میں لے لیں جس کے باعث چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مزید علاج کے لیے دالبندین ریفر کیا گیا۔ ماشکیل میں آج درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شدید ترین گرمی آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ بنی، آگ سے چار دکانیں شدید متاثر ہوئیں،تیل ٹائر و دیگر سامان جل گئے جس سے دکانداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ ماشکیل سرحدی علاقہ ہونے کے باوجود ایک فائر بریگیڈ سے محروم ہے، اس سے پہلے بھی ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں جس سے لوگوں کو جانی و مالی نقصان ہوا ہے لیکن ابھی تک سرحدی تحصیل کو ایک فائر بریگیڈ کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی۔ ماشکیل کے سیاسی و سماجی حلقوں نے صوبائی حکومت، منتخب عوامی نمائندوں اور متعلقہ حکام سے ماشکیل میں ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر فائر بریگیڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں