او آئی سی بھارت میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلامک تعاون تنظیم اوآئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونی والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بھارت میں حکمراں جماعت کی جانب سے حالیہ اسلاموفوبیا کے اقدامات پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو سینئر عہدیداروں کی جانب سے پیغمبر اسلامؐ کیخلاف توہین آمیز ریمارکس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنی گفتگو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے اعلیٰ عہدیداروں کے توہین آمیز ریمارکس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بی جے پی کی جانب سے وضاحتی کوشش اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی معمولی تادیبی کارروائی، اس تکلیف دہ عمل سے مسلم دنیا میں پیدا ہونے والے کرب اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے تضحیک آمیز ریمارکس کے خلاف ہونے والے نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کے اقدامات کا تازہ ترین مظاہرہ ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ بھارتی مسلمانوں کی جان، عزت، جائیداد، ثقافت، ورثے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں اور اعلانات کا ذکر کیا اور بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور بھارتی مسلمانوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی راہیں اور راستے تلاش کرنے کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں