وزیر اعلیٰ بلوچستان سے چینی کمپنی کے صدر ملاقات، سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹی کے صدر مسٹر ڈونگ گو فینگ کی ملاقات، سیندک منصوبے کی پیش رفت،توسیع اور توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹی کے صدر مسٹر ڈونگ گو فینگ نے ملاقات کی،ملاقات میں سیندک منصوبے کی پیش رفت،توسیع اور توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے چینی کمپنیوں کی جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر خوشی کا اظہار کر تے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے مناسب ماحول کو یقینی بنا رہی ہے،ہم سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی جامع پالیسی پر عمل پیرا ہیں،سیندک پراجیکٹ معاہدہ کی توسیع اہم پیشرفت ہے سرمایہ کا رواں کا اعتماد بحال ہوگا، انہوں نے کہاکہ سرمایہ کار کمپنیاں مقامی لوگوں کے اعتماد کے حصول کے لئے سی ایس آر کی مد میں سہولیات دیں، مائیننگ علاقے کی ترقی کے لئے سرمایہ کار کمپنیاں ترقیاتی فنڈز مختص کریں بلوچستان کے نوجوانوں کو سکالر شپ اور ٹریننگ مواقع فراہم کئے جائیں۔اس موقع پر صدر ایم سی سی ٹی مسٹر ڈونگ گو فینگ نے کہاکہ چینی کمپنیاں بلوچستان میں متبادل توانائی کے محفوظ اور صاف زرائع کو ترقی دینے کے منصوبے لائیں گی،ملا قات میں چیئرمین ایم آر ڈی ایل سیندک مسٹر ہی ڑوپنگ،صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی اور رکن صوبائی اسمبلی مٹھا خان کاکڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔


