یہ حکومت رہی تو ملک میں جمہوریت نہیں رہے گی، عمران خان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ حکمران رہ گئے تو ملک کو وہ نقصان ہوگا جو کوئی دشمن بھی نہیں پہنچا سکتا۔ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مزدوروں کی مجموعی تعداد 6 کروڑ ہے، کورونا کے دوران وبا کو پھیلانے سے روکنے کے لیے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن لگایا گیا، ہماری حکومت پر بھی یہاں لاک ڈاؤن کے لیے دباؤ ڈالا گیا، میں نے کہا کہ اگر ہم لاک ڈاؤن لگاتے ہیں تو ہمارے دیہاڑی دار مزدور کا کیا بنے گا، وہ کس طرح سے پیسا کما کر اپنے بچوں کو پالے گا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت کی اپوزیشن نے میرے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا، ان لوگوں کو اس طبقے کی کوئی فکر نہیں تھی، چین میں لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں کھانا پہنچایا گیا، ہمارے پاس نہ اتنے وسائل تھے نہ وہ نظام تھا جس کے تحت ہم غریبوں کو گھروں تک کھانا پہنچاپاتے، انہوں نے اس مسئلے کا جواب نہیں دیا بلکہ کہا کہ وبا سے مرنے والوں کی ایف آئی آر عمران خان کے اوپر کاٹنا چاہیے۔


