حزب اللہ کے دوارکان کو لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق حریری کے قتل پر عمر قید
ہیگ (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے تحت لبنان ٹریبونل کے اپیل ججوں نے 2005ء میں سابق وزیراعظم رفیق حریری کے بم دھماکے میں قتل میں کردارپر شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے دو ارکان کو عمرقید کی سزا سنادی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ دونوں افراد مفرورہیں اورنیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کے تحت لبنان ٹریبونل نے ان کے خلاف ان کی غیرحاضری میں مقدمہ چلایا اور انھیں سزا سنائی۔ٹریبونل پریذائیڈنگ جج ایفانا ہرڈلیکوفا نے حسن حبیب مرحی اور حسین حسن انیسی کو زیادہ سے زیادہ سزا عمرقید سناتے ہوئے کہا کہ ان کے بم حملے سے نہ صرف براہِ راست لوگ متاثر ہوئے تھے بلکہ لبنان کے عوام کو بھی دہشت زدہ کردیا تھا۔رواں سال مارچ میں اپیل عدالت نے ان کی بریت کا فیصلہ واپس لے لیا تھا اور مرحی اور انیسی کو تخریب کاری اور قتل کے الزام میں مجرم قراردیاتھا۔یادرہے کہ فروری 2005ء میں لبنانی دارالحکومت بیروت میں تباہ کن بم دھماکے میں تجربہ کارسیاستدان اور سابق وزیراعظم رفیق حریری سمیت 22 افراد مارے گئے تھے۔اس واقعے کی تحقیقات اور مقدمے کی سماعت کے لیے لبنان ٹریبونل 2007ء میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے تشکیل دیا گیا تھا۔


