اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی جاں بحق، 10 افراد زخمی
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں 3 فلسطینی جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں فلسطینی خبررساں ادارے وفا کے حوالے سے بتایا گیا کہ تینوں افراد گاڑی میں سوار ہو کر جارہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جس کے بعد علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئی اور اسرائیلی اہلکاروں کی فائرنگ سے 10 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر نے بتایا کہ علاقے میں ایک سفید رنگ کی گاڑی موجود ہے جس پر گولیوں کے سوراخ ہیں جہاں اسرائیلی فورسز نے حالیہ مہینوں میں کارروائیاں تیز کی ہیں۔ جنین کے مردہ خانے میں 3 نوجوانوں کی لاشیں دیکھی ہیں جن کی شناخت 23 سالہ یوسف صلاح، 24 سالہ براع لہلو اور لیتھ ابوسرسر کے نام سے ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے اہلکار جنین میں 2 مقامات پر ہتھیاروں کی تلاش میں آپریشن کررہے تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اہلکار جیسے ہی پہلے مقام پر پہنچے تو فائرنگ کی زد میں آئے جس پر انہوں ردِ عمل دیا اور پھر دیکھا کہ سڑک پر ایک مشتبہ کار کھڑی ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ’کار سے سپاہیوں پر فائر کیے گئے جس پر انہوں نے فائرنگ کرنے والے افراد کو قتل کردیا، انہیں جائے وقوع سے ایم-16 رائفلز سمیت دیگر ہتھیار بھی ملے۔


