کوہلو میں سیلابی نالے میں کار بہہ گئی، 5 افراد جاں بحق
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوہلو کٹ منڈائی بیجی ندی میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے کٹ منڈائی بیجی ندی میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کے نتیجے یں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ لیویز حکام نے بتایا کہ گاڑی میں 10 سے زائد افراد سوار تھے اور تمام کٹ منڈائی سے سبی کی جانب آ رہے تھے، کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئے۔ لیویز کے مطابق سیلابی ریلے میں بہنے والے افراد میں سبی خواتین اور بچے بھی شامل تھے، واقعے کے بعد اہل علاقہ کی مدد سے لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ زخمی افراد کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، اور متعدد اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث لینڈ سلائنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلوں کی اطلاعات ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث بلوچستان کے متعدد علاقوں میں نظام زندگی درھم برھم ہوچکا ہے، بارکھان میں 4 دنوں سے بجلی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔


