کوئٹہ ٹو کیچ،پنجگور،گوادر روٹ پر اضافی کرایوں کا نوٹس لیا جائے، بی ایس او پجار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بی ایس او پجار شال زون کی جانب سے مکران ڈویژن کے ٹرانسپورٹرز کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے مظاہرین نے کوئٹہ ٹو کیچ،پنجگور،گوادر روٹ میں چلنے والے ٹرانسپورٹ بسوں کے کرایوں میں اضافے کیخلاف نعرے بازی کی مظاہرین نے انتظامیہ کیخلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین سے بی ایس او پجار شال زون کے انفارمیشن سیکرٹری شیمرید رشید بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ دوسری جانب کیچ، گوادر، پنجگور سے جو بسیں کوئٹہ روٹ پر چلتی ہیں ان کے کرایوں میں دگنے اضافے سے کوئٹہ میں زیر تعلیم طلبہ شدید پریشان ہیں۔ کمشنر مکران ڈویژن اور ڈی سی کوئٹہ ڈویژن ٹرانسپورٹ مالکان کو پابند کیا جائے کہ سرکاری طور پر مختص کرایہ پر عملدرآمد کرکے کوئٹہ میں زیر تعلیم طلبہ کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر سول سوسائٹی بلوچستان کے چیئرمین گلزار دوست نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ اور طلبہ کو مشکلات میں ڈالا جارہا ہے، ٹرانسپورٹ مافیا نے کوئٹہ ٹو مکران کرایوں میں دگنا اضافہ کردیا جس کے باعث مسافروں اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں