کوئٹہ، ضلعی انتظامیہ کا مون سون بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کا فیصلہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ایڈیشنل کمشنر (جنرل) کوئٹہ خلیل مراد کی زیر صدارت مون سون کی متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر کنٹی جنسی پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایس ایس پی پولیس، میٹروپولیٹن کارپوریشن، پی ڈی ایم اے، محکمہ صحت، پی ایچ ای، محکمہ واسا، سی اینڈ ڈبلیو، این ایچ اے، کیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مون سون کی متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر کنٹی جنسی پلان پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور پی ڈی ایم اے کے دفتر میں دو کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے اہلکار الرٹ موجود رہیں گے جو کہ بروقت امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے اس کے علاوہ کوئٹہ کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو الرٹ کرکے انہیں مطلوبہ مشینری فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کریں اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی قومی شاہراہ پر اپنی مشینری کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے قومی شاہراہ کو بحال رکھا جا سکے اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ پی ڈی ایم اے متوقع بارش کے حوالے سے قبل از وقت الرٹ جاری کرے گا اور اس دوران تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کیا جائے گا اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے اپنی تمام تر مشنری کو بھی تیار رکھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت کاروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے آفیسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کو بروقت مکمل کریں تاکہ مون سون کی متوقع شدید بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔


