نواز شریف کی واپسی کیلئے حکومتی خط کی حیثیت ردی سے زیادہ نہیں، شاہد خاقان

کراچی:مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو اندرونی خطرات پیدا کیے گئے ہیں، وہ ہمارے وجود کیلئے بھی خطرہ ہیں، چیلنج کرتا ہوں الیکشن کرا لیں، ن لیگ لیگ الیکشن میں سوئپ کریگی،وفاقی حکومت کے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں ہے،آج قائداعظم کے پاکستان میں جمہوریت نہیں آمریت ہے،آج ملک میں نہ حکومت ہے، نہ ترقی نہ روزگار اور وزیراعظم لاپتہ ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کراچی پہنچے جہاں انھوں نے سابق گورنر محمد زبیر اور دیگر پارٹی رہنماں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دوسال میں سب نے دیکھ لیا ہے، موجودہ حکومت کا جو ماڈل دیکھا ہے وہ نہیں چل سکتا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جوحالات ہیں، وہ معمولی بات نہیں ہے، پاکستان کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے، سب کو بیٹھنا ہو گا اور فیصلہ کرنا ہو گا کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔ان کا کہنا تھا جو بھی اقتدار میں قوتیں اور اسٹیک ہولڈر ہیں، وہ فیصلہ کریں کہ ملک میں حکومت کیسے ہوا کرے گی۔ان کا کہنا تھا آج قائداعظم کے پاکستان میں جمہوریت نہیں آمریت ہے، آج ملک میں نہ حکومت ہے، نہ ترقی نہ روزگار اور وزیراعظم لاپتہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں ملک میں مہنگائی نہیں تھی، 2018میں کراچی روشنیوں کا شہر تھا، امن قائم تھا، آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، آٹا 70، چینی 90روپے کلو ہو چکی ہے۔ن لیگ کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ملک میں اتنی مہنگائی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ملک میں منہگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، وہ جواب دیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ہیں لیکن ملک کے نظام کو درست کرنا ہے، موجودہ نظام میں ملک درست نہیں ہو سکتا۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہم نے 2018میں بھی کہا تھا کہ الیکشن متنازع ہیں، ہمیں اس آمریت کا مقابلہ کرنا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں الیکشن کرا لیں، ن لیگ لیگ الیکشن سوئپ کرے گی۔وفاقی حکومت کی جانب سے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے حکومت برطانیہ کو لکھے گئے خط سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی سیاست کرنی ہے، ہمیں اپنی، دونوں جماعتیں اپوزیشن میں ہیں اور سب کا مقصد ایک ہے کہ ملک ترقی کرے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا راج ہے اور وزیراعظم لاپتہ ہیں، حکومتی نمائندے بھی مہنگائی کا جواب نہیں دے پا رہے،ہم اقتدار کے لیے نہیں بلکہ نظام درست کرنے کے لیے انتخابات چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں عوام فیصلہ کریں،بیروزگاری بھی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے برطانوی حکومت کو نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے لکھے گئے خط کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خط کی حیثیت ردی کے کاغذ سے زیادہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات جیت کر رہے گی۔ کراچی آئے ہیں سب سے ملاقات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں