بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے باعث امن کے قیام میں مشکلات ہیں، قدوس بزنجو
گوادر (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ گوادر کے موقع پر بزنس سینٹر میں منعقدہ تقریب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا بجٹ نہایت خوش اسلوبی سے پیش کیا گیا۔ بجٹ کے دوران کہیں سے کوئی احتجاج نہیں کیا گیا۔ بجٹ پیش کرنے میں اپوزیشن نے بھی حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ موجودہ بجٹ میں بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بڑی رقم مختص کی گئی ہے جسے ترقیاتی منصوبوں پر صرف کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کو درپیش مسائل کے حوالے سے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف جس طرح بلوچستان کے مسائل پر توجہ دے رہے ہیں امید ہے کہ مسائل جلد حل ہوں گے۔ ان مسائل کو اگر صرف صوبائی حکومت پر چھوڑ دیے جائیں تو 100 سال بعد بھی یہ مسائل حل نہیں ہوپائیں گے۔ بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے صورتحال تشویشناک ہے، صوبے میں امن کی بحالی اورقیام کیلئے وفاقی حکومت کیساتھ موئر اقدامات کیے جائیں گے۔ بلوچستان میں غیر ضروری چیک پوسٹیں جس میں کسٹم ہے، لیویز ہے، ایف سی اور پولیس ہے ان پر بلوچستان کے عوام کو بے جا تنگ کر نے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔ چیک پوسٹوں پر لوگوں کی تذلیل کرنے سے عوام میں نفرت بڑھ رہی ہے۔ بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے باعث بھی مشکلات ہیں، بلوچستان حکومت کو امن و امان کے حوالے سے بڑی رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔ امید ہے وفاقی حکومت اس بارے میں بھی بلوچستان کی امداد کریگا۔


