لاپتہ جنید اللہ بخش کو دوران حراست قتل کرکے لاش بھی نہیں دی گئی، ہدایت الرحمن
گوادر (انتخاب نیوز) حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن نے دعویٰ کیا ہے کہ گوادر کے رہائشی لاپتہ جنید ولد اللہ بخش کو سیکورٹی فورسز نے دوران حراست قتل کردیا ہے اور لاش بھی لواحقین کے حوالے نہیں کی ہے۔ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے رہائشی جنید بلوچ ولد اللہ بخش کو 12 اکتوبر 2012ء کو اوتھل زیرو پوائنٹ سے لاپتہ کیا گیا۔ مولانا ہدایت الرحمن نے یہ بات وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ گوادر کے موقع پر ان کے راستے پر دیے گئے دھرنے سے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لاپتہ جنید اللہ بخش جو پچھلے کئی سال سے لاپتہ ہے انہیں دوران حراست قتل کرکے لاش بھی لواحقین کے حوالے نہیں کی گئی۔ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ گوادر، مکران اور بلوچستان کے مسائل مسلسل نظر انداز کرنے اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر حق دو تحریک شدید احتجاج کریگی۔


