پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس ، پی ٹی آئی ارکان کی ضمانتوں میں توثیق
لاہور (انتخاب نیوز) لاہور کی سیشن کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر پر تشدد اور ہنگامہ آرائی کے کیس میں پی ٹی آئی ارکان کی ضمانتوں میں توثیق کردی۔پنجاب اسمبلی میں دوران سیشن ڈپٹی سپیکر پرتشدد اور لڑائی جھگڑے پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جن میںسابق صوبائی قانون راجہ بشارت ، چودھری ظہیرالدین، فیاض چوہان، مسرت چیمہ، عابدہ راجہ اور دیگر نامزد تھے۔ایڈیشنل سیشن جج یاسین موہل نے ان ارکان کی ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں ان کی ضمانتوں کی توثیق کردی۔اس موقع پر ملزمان کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزاروں پر جھوٹا اور بے بنیاد سیاسی مقدمہ درج کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، اراکین اسمبلی پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماوں کو اس مقدمے میں نامزد کیا تھا۔


