ایشیئن وومین یونیورسٹی بنگلہ دیش میں داخلے کیلئے خضدار میں امتحانی مرکز بنایا جائے، ایس ایس ایف

خضدار (انتخاب نیوز) سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کے وفد نے ایجوکیشنل سیکرٹری سلیم بلوچ کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر خضدار جہانزیب شاہوانی سے علامہ محمد عمر دین پوری ڈیجیٹل لائبریری خضدار میں درپیش مختلف مسائل اور ایشیئن وومین یونیورسٹی بنگلہ دیش میں اسکالر شپس پر اپلائی کرنے والی طالبات کو مذکورہ جامعہ میں داخلہ امتحان کے متعلق امتحانی مرکز مہیا کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ وفد نے لائبریری میں درپیش مختلف مسائل جیسے کہ لائبریری میں غیر ضروری تقاریب کا انعقاد، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور انٹرنیٹ کے مسئلوں، پارکنگ کی عدم تحفظ اور لائبریری کے خواتین حصہ میں غیر متعلقہ افراد کے غیر ضروری دوروں کے متعلق اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ بجلی، پانی، انٹرنیٹ اور پارکنگ کی مخصوص جگہ نہ ہونے کی وجہ سے جہاں طلبہ کو مشکلات درپیش آتی ہیں وہیں لائبریری میں خواتین کے مخصوص حصے میں آئے روز غیر متعلقہ افراد کے دوروں اور لائبریری میں غیر ضروری پروگراموں کے منعقد کرنے سے بھی پڑھائی کا ماحول متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا کہ آئے روز لائبریری میں غیر ضروری تقاریب و غیر متعلقہ افراد کے دوروں کی روک تھام کی جائے اور بعض اوقات لائبریری کی غیر اعلانیہ بندش کو ختم کیا جائے تاکہ طلبہ ریگولر بنیادوں پر اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں، غیر اعلانیہ بندش و غیر ضروری تقاریب اور دوروں سے لائبریری میں پڑھائی کا ماحول متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ طلبہ کو ذہنی کوفت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وفد کے اراکین نے اسسٹنٹ کمشنر سے گزارش کی کہ مذکورہ مسائل کے علاوہ لائبریری میں موجود بیٹریوں کو فعال کرکے بجلی کی عدم موجودگی میں لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے اور لائبریری میں اخبارات، مختلف سائنسی و دیگر جرنلز، ریسرچ پیپرز اور ہفتہ وار رسالے جیسے کہ دی اکنامسٹ وغیرہ منگوائے جائیں اور جو اخبارات منگوائے جاتے ہیں انکی تعداد بھی بڑھائی جائے تاکہ طلباء، طالبات اور محققین کو بھر پور علمی افادیت حاصل ہو۔ مزید انہوں نے کہا کہ ایشیئن وومین یونیورسٹی بنگلہ دیش میں بلوچستان بھر سے اپلائی کرنے والی طالبات میں خضدار کی طالبات اکثریت میں ہیں اس لئے تنظیم نے مذکورہ جامعہ کے توسط سے خضدار شہر میں امتحانی مرکز کا مطالبہ کیا تھا جس کو جامعہ نے قبول کرکے تنظیمی نمائندوں کو داخلہ امتحان لینے کی ذمہ داری دی ہے اس سلسلے میں وفد نے اسسٹنٹ کمشنر سے خضدار میں امتحانی مرکز کا مطالبہ کی اور انہوں نے جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں