سوراب میں ایکسائز، کسٹم، پولیس اور دیگر اداروں کی بھتہ گیری سے نجات دلائی جائے، ڈرائیوروں کا مطالبہ

سوراب (انتخاب نیوز) تیل بردار گاڑی ڈرائیوروں سعداللہ، عبدالمالک، نوراحمد اور دیگر نے ذرائع ابلاغ کے توسط سے وزیر اعلیٰ بلوچستان، آئی جی ایف سی بلوچستان اور دیگر حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ انہیں سوراب میں ایکسائز، کسٹم، پولیس اور دیگر اداروں کی ظالمانہ بھتہ گیری سے نجات دلائی جائے۔ متاثرہ ڈرائیورز کے مطابق وہ اپنے بچوں کی کفالت کے لئے پنجگور سے ایرانی ڈیزل پیٹرول اور دیگر اشیا خورونوش لانے والی گاڑیوں پر ڈرائیور کے طور پر مزدوری کررہے ہیں مگر اب ایک بار پھر انہیں ضلع سوراب کے ایریا میں کلغلی سے لیکر ضلع کی آخری حدود تک مختلف اداروں کے اہلکار بھتہ کے نام پر لوٹ رہے ہیں حالانکہ کچھ عرصہ قبل ان ہی شکایتوں کی بنیاد پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے سوراب کی مختلف لیویز چوکیوں کو ہٹانے کی احکامات صادر کیئے تھے مگر اب ان مقامات پر دوبارہ ہم سے زبردستی بھتہ وصول کیا جارہا ہے، اسی طرح پیر حیدر شاہ گدر کے ایریا میں ایکسائز کے اہلکار، زرعی فارم گدر اور تیغک بائی پاس گدر، زیرو پوائنٹ کے مقام پر سوراب پولیس جبکہ کسٹم چیک پوسٹ پر کسٹم کے اہلکار کھڑے رہ کر پنجگور سے آنے والی گاڑیوں سے بھتہ کی مد میں بھاری رقم وصول کررہے ہیں جنہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، آئی جی ایف سی اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کی کہ انہیں ضلع سوراب کے ایریا میں جاری ناروا بھتہ گیری سے نجات دلا کر اپنے بچوں کے لئے روزی کمانے کا موقع دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں