کوئٹہ، سول اسپتال سے ادویات چوری کرکے فروخت کرنیوالا ملازم گرفتار
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ سے مریضوں کی ادویات چوری کرکے مارکیٹ میں فروخت کرنے والے ماتحت اہلکار کو رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا،دوران کارروائی ملازم سے موقع پر ہی چوری کی گئی، ادویات برآمد کرلی گئیں۔ کارروائی عوامی شکایت پر عمل میں لائی گئی کچھ عرصہ سے سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں لائے گئے مریضوں کی جانب سے ادویات چوری کی شکایات مل رہی تھیں جس پر متعلقہ حکام کی ہدایت پر خفیہ طریقے سے چوری کی ان منظم وارداتوں کی مانیٹرنگ کی گئی مانیٹرنگ کے دوران اسپتال کے منیر احمد نامی وارڈ بوائے کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا اور چوری شدہ ادویات برآمد کرلی گئی ملزم کے خلاف سول لائن پولیس نے رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ سے مختلف اوقات کار میں پولیس نے کار ، موٹر سائیکل اور آکسیجن سلینڈر چوری کرنے کے الزام میں قبل ازیں 13 ملزمان کو گرفتار کیا، جس میں بعض ملازمین بھی شامل تھے تاہم مختلف یونین کے ذمہ دار معاملے کو رفع دفع کر دیتے ہیں جس سے ایسے جرائم کے واقعات کا تدارک ہونے کے بجائے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔


