ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص قتل، شہری نے ایک رہزن مار دیا، مقابلے میں زخمی ملزم گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز) سپرہائی وے جمالی پل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پرملزمان نے فائرنگ کرکے 35 سالہ سراج کو قتل کردیا ، مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جمشید روڈ 3نمبر پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان لوٹ مار کرکے فرار ہورہے تھے شہری نے تعاقب کے بعد جمشید روڈ نمبر 2 پر پیٹرول پمپ والی گلی میں قریشی چوک کے قریب فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تاہم پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والا ملزم جمشید روڈ نمبر 2میمن مارکیٹ چکی والی گلی میں پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا ہے۔ منگھوپیر اجتماع گاہ گیٹ نمبر ایک کے قریب پولیس نے مقابلے کے دوران 25سالہ مزمل ولد سعید اللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ایس ایس پی ویسٹ عارف اسلم رائو کے مطابق تین ملزمان شہری حمزہ سے نئی موٹرسائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے کہ پولیس سے سامنا ہوگیا، فائرنگ کے تنادلے میں ایک ملزم کو اسلحہ سمیت زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر دو ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے چھینی گئی موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق واردات کے دوران شہری حمزہ بھی زخمی ہوا تاہم شہری کو گولی لگی ہے یا کسی اور چیز کے لگنے سے زخم آیا ہے ایم ایل او کی رپورٹ سے صورتحال واضح ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں