سی پیک پروجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لئے چین نے پاکستان کی 40 لاکھ ڈالرز کی مالی مدد کی ہے،چین نے 390 وینٹی لیٹرز، 3 لاکھ 30 ہزار ٹیسٹنگ کٹس، 8 لاکھ 30 ہزار این 95 ماسک،58 لاکھ سرجیکل ماسک اور 42 ہزار حفاظتی سوٹ فراہم کیے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے تحریری سوالات کے جواب میں کہا کہ چین نے 390 وینٹی لیٹرز، 3 لاکھ 30 ہزار ٹیسٹنگ کٹس، 8 لاکھ 30 ہزار این 95 ماسک،58 لاکھ سرجیکل ماسک اور 42 ہزار حفاظتی سوٹ فراہم کیے ہیں،جن کی مالیت تقریبا 40 لاکھ ڈالرز بنتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی پیپلز لیبریشن آرمی نے کورونا پر قابو پانے کے لئے ہماری مدد کرنے کے لئے ایک میڈیکل ٹیم پاکستان بھیجی جبکہ چینی طبی ماہرین کی ایک ٹیم نے چینی صدر کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ بھی کیا تھااس کے علاوہ جیک ما فاؤنڈیشن نے بھی طبی سامان کی دو کھیپ پاکستان کو فراہم کی ہیں۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ ہم چینی امداد پر ان کے شکر گزار ہیں جس نے موثر انداز میں کورونا سے نمٹنے میں ہماری مدد کی ہے۔اپنے تحریری جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سی پیک میں طویل مدتی منصوبے شامل ہیں جن کی تکمیل کئی سالوں میں پھیلی ہے،ہم پرامید ہیں کہ ہم سی پیک پروجیکٹس کو وقت پر مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں،امریکی طالبان امن معاہدہ سے افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام لانے میں مدد ملے گی پاکستان نے امریکا طالبان مذاکرات کے دوران افغان امن عمل میں مدد فراہم کی ہے پاکستان نے نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں