ڈبل روڈ دھماکے کی مذمت، آزادی کے نام پر جاری لا حاصل جنگ نے آج ایک اور ہیرا نگل لیا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ (آئی این پی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب ہونے والے دھماکےکی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے اور صوبے میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایسی مذموم کارروائیاں دہشت گردوں کے گھناونے عزائم کو بے نقاب کرتی ہیں، لیکن حکومت اور سیکیورٹی فورسز کسی بھی قیمت پر ان مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں آزادی کے نام پر جاری لا حاصل جنگ نے آج ایک اور ہیرا نگل لیا۔ اعلی تعلیم یافتہ، سرمایہ بلوچستان ڈاکٹر مہر اللہ ترین کوئٹہ میں دہشت گردوں کے ہاتھ بم دھماکے میں شہید کر دیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں