حکومت کیخلاف مشترکہ احتجاج، پی ٹی آئی سے تحریری یقین دہانی چاہتے ہیں، کامران مرتضیٰ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد حکومت مخالف مشترکہ احتجاج سے متعلق تحفظات دور کرنے کے لیے پی ٹی آئی سے تحریری یقین دہانی کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی عید الفطر کے بعد حکومت کے خلاف پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر ملک گیر احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔مولانا فضل الرحمٰن نے ملک میں خاص طور پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بدعنوانی کا حوالہ دیتے ہوئے تحریک کا اعلان کیا تھا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان نادر گرمانی کو انٹریو دیتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا ’ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) کے درمیان ہونے والے معاہدوں کو تحریری طور پر دستاویزی شکل دی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی غلط فہمی سے بچا جاسکے اور ایک دوسرے پر الزام عائد کرنے کے امکان کو ختم کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے حاصل کرنے کا عمل عید کے بعد ہی شروع کیا جاسکتا ہے کیونکہ مجھ سمیت پارٹی کے دیگر افراد پہلے ہی چھٹیوں پر اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں