شاہراہوں کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات ہیں، بلوچستان بس ٹرانسپورٹ فیڈریشن

کوئٹہ (یو این اے) چیئرمین مشترکہ بلوچستان بس ٹرانسپورٹ فیڈریشن میر محمود خان بادینی نے حکام کی جانب سے لکپاس ٹنل، کنڈ میسوری اور اغبرگ سمیت مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کرنے کو غیر دانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے۔ میر محمود خان بادینی نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں کی بندش کے باعث بلوچستان کے 12 اضلاع کا دارالحکومت کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔ مستونگ، قلات، سوراب، خضدار، حب، لسبیلہ، مکران، نوشکی، خاران، دالبندین، نوکنڈی، واشک اور تفتان کے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ اس بندش کی وجہ سے ہزاروں مسافر، جو عید کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کو جانا چاہتے ہیں، سخت پریشان ہیں۔ میر محمود خان بادینی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مرکزی شاہراہوں کو کھولے اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں