مسافروں کو بسوں سے اتار کر مارنا بزدلانہ فعل ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (یو این اے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر کے علاقے کلمت میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ معصوم مسافروں کو بس سے اتار کرشناخت کی بنیاد پر قتل کرنا گھنانی اور بزدلانہ کارروائی ہے۔کوئٹہ سے جاری کیے گئے مذمتی بیان میں وزیرِ اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کی روایات، مہمان نوازی اور امن پسندی کو پامال کر دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر وحشیانہ فعل انجام دیا، شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کرنا درندگی اور ناقابلِ معافی جرم ہے دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کو ایسی کارروائیوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیںسرفرازبگٹی نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے احتجاج اور دھرنوں کی کال دینے والے اس سفاکانہ حملے پر کیوں خاموش ہیں؟ بے گناہ مزدوروں کے قتل پر معنی خیز خاموشی رکھنے والے کس کی حمایت کر رہے ہیں؟ خاموشی کو رضا مندی سمجھا جاتا ہے، یہ ثابت ہو رہا ہے کہ کون کس کا سہولت کار ہے ہارڈ کور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جنگ جاری رہے گی اور منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔