ڈیموں کی ناقص تعمیر کیخلاف کارروائی، متاثرین کی فوری امداد کی جائے، قدوس بزنجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیااجلاس میں صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ ،مشیر داخلہ و پی پی ڈی ایم اے میر ضیاءلانگو، چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی ،چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم سینئر ایم بی آر اے سی ایس پی اینڈ ڈی اے سی ایس داخلہ اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹری ،ڈی جی پی ڈی ایم سی ای او کیسکو ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی ڈویژنل کمشنروں نے اجلاس کو بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورتحال پر جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیوں اور سیکرٹری اریگیشن نے اجلاس کو ڈیموں کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا تھا تاہم کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں غیر متوقع طور پر غیر معمولی بارشیں ہو رہی ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کوئٹہ میں بارشوں سے 11 افراد جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر 54افراد جانبحق ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید موثر اور مربوط بنانے کی ہدایت کی اور بارشوں سے ڈیموں کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ڈیموں کے نقصانات کی انکوائری کرنے اور ڈیموں کی ناقص تعمیر کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انکے خلاف کاروائی کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اوربحالی کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے اور پی ڈی ایم اے ہر متاثرہ علاقے اور افراد تک فوری رسائی یقینی بنائے ۔وزیراعلیٰ نے کیسکو کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ مدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ہمیں بارشوں اور پانی کی ضرورت ہے لیکن ایسی منصوبہ بندی کی جائے کہ غیر معمولی بارشوں سے نقصان کم سے کم ہو۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی کمزوری سے شہر میں تجاویزات میں اضافہ ہوا ہے نالوں اور پانی کی گزرگاہوں پر آباد کاری سے جانی و مالی نقصان ہوا۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کو نالوں پر قائم تجاویزات کے فوری خاتمے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو نقصانات کا سروے کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا انکے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا حکومت جانی و مالی نقصانات کے ازالے کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں