تیسرے روز بھی تیز بارش، گڈاپ، تھدو ڈیم اوورفلو، سعدی ٹائون میں سیلاب،ایدھی بحری خدمات ٹیم سرگرم

کراچی ( انتخاب نیوز) شہر میں جمعہ کے روز تیسرے دن بھی مون سون کی بارش کا سلسلہ جاری رہا، مختلف علاقوں کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں، نادرن بائی پاس کا ڈیم اوور فلو ہوجانے کے باعث سعدی ٹائون میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی، گڈاپ ڈیم بھی بھرجانے سے پانی سپر ہائی تک پہنچ گیا، مختلف مقامات پر سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو ایدھی بحری خدمات کی ٹیموں نے ریسکیو کیا، کرنٹ لگنے سے گارڈن کے علاقے شومارکیٹ رمضان کارنر کے قریب کرنٹ لگنے سے 22 سالہ رمضان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی۔ قبل ازیں سپر ہائی وے گڈاپ ندی سے ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے گزشتہ روز ڈوبنے والے دو افراد میں سے 19 سالہلیاقت ولد غلام حسین کی لاش نکال لی جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے ، لیاری ایکسپریس ضیاء کالونی کے قریب ندی میں پھسنے والے شخص اور قیوم آباد کے قریب ایدھی بحری خدمات کی ٹیموں نے دو افراد کو ریسکیو کیا۔ ناردرن بائی پاس کا ڈیم بارشوں کے باعث بھر جانے کی صورت میں ڈیم فٹ گیا ناردرن بائی روڈ سے لیکر سعدی ٹاؤن میں تیزی سے پانی داخل ہو نے سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی، گڈاپ پر ڈیم اوور فلو ہونے کے باعث پانی سپر ہائی وے تک آگیا جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوگئی تھی۔سپر ہائی وے پر مویشی منڈی میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سپر ہائی وے کے قریب سیلابی ریلہ آنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں ، ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے گاڑیوں سے خواتین بچوں کو ریسکیو کیاجبکہ گاڑیوں کو سیلابی ریلے سے نکالنے کا عمل رات گئے تک جاری رہا۔‏گلستان جوہر بسیرا شاپنگ سینٹر میں تیز بارش کے بعد پانی اندر داخل ہو گیا، برسات کا پانی شاپنگ سینٹر میں داخل ہونے سے دکاندار اور خریداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، شہر کی سڑکوں پر کھڑے پانی میں موٹرسائیکلیں بند ہونے کے باعث بائیک سواروں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں