سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں وقت کیساتھ بہت بہتری آئی ہے، زرداری
کراچی(انتخاب نیوز)سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں وقت کے ساتھ بہت بہتری آئی ہے اور وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔کراچی میں آصف علی زرداری سے صوبائی وزرا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھاکہ عمران خان کا دور آزادی صحافت کے لحاظ سے سیاہ دور رہا ہے، کاش عمران خان کو صحافیوں کے حقوق کا خیال اپنے دور حکومت میں بھی آجاتا۔ان کاکہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہمیشہ صحافیوں کو آزادی ملی اور ملتی رہے گی۔آصف زرداری کا کہنا تھاکہ سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں وقت کے ساتھ بہت بہتری آئی ہے اور وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سب کا مقصد ملکی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی ہے، ہم سب نے وقت سے بہت کچھ سیکھا ہے۔سابق صدر کا کہنا تھاکہ اتحادی حکومت، اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ سب کو مل کرآئین کی پاسداری کرتے ہوئے ملک کوبحران سے نکالنا ہے، ملک کو اس بحران میں عمران خان چھوڑ کر گیا۔


