کوئٹہ چمن شاہراہ پر کسی بھی گاڑی سے بھتہ وصول نہیں کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ

چمن (انتخاب نیوز) کو ئٹہ چمن شاہرا ہ پر ما ل بر دار گاڑیوں سے مبینہ بھتہ وصولی کیخلاف اے سی ٹرالر ایسوسی ایشن اور گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری احتجاج ڈپٹی کمشنر چمن اور قلعہ عبداللہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر کے قومی شاہراہ آمدورفت کیلئے کھول دی۔ واضح رہے گزشتہ روز اے سی ٹرالرز ایسوسی ایشن و گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کے صدر عبدالعلی اچکزئی و دیگر کی جانب سے ضلع قلعہ عبداللہ میں گاڑیوں سے مبینہ بھتہ وصولی کیخلاف کوئٹہ چمن قومی شاہراہ کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر بدھ کے روز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے خوجک ٹاپ پر قومی شاہراہ کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہوگئی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر چمن حسن ہارون ہوت اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منیر احمد کاکڑ نے ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کئے اور انہیں ان کے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور کوئٹہ چمن شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اب کسی بھی گاڑی سے بھتہ وصول نہیں کیا جائے گا اور ایسا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی جس کے بعد ہم نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اگر مستقبل قریب میں بھی ایسا کیا گیا تو ہم ایک بار پھر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں