بلوچستان کابینہ اور پارلیمانی سیکرٹریوں کے محکموں میں رد و بدل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت اور منظور ی سے صوبائی کابینہ اور پارلیمانی سیکرٹریوں کے محکموں میں رد و بدل عمل میں لایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر مبین خلجی سے محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی واپس لیکر انہیں محکمہ معدنیات و معدنی ترقی کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔ صوبائی مشیر توانائی میر نعمت اللہ زہری کی جگہ عمر جمالی کو محکمہ توانائی کا صوبائی مشیر مقرر کردیا گیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری بشری رند سے محکمہ سماجی بہبود اور محکمہ اطلاعات کی ذمہ داریاں واپس لیکر انہیں محکمہ ایس اینڈ جی اے تفویض کیا گیا ہے۔ ملک نعیم بازئی کو پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون ڈاکٹر ربابہ بلیدی کو محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران سے محکمہ خزانہ کا اضافی قلمدان واپس لے لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں